کراچی: قائدآباد میں دھماکے سے 2افراد ہلاک۔10زخمی
کراچی کے علاقے قائدآباد میں دھماکے سے 2افراد ہلاک اور10زخمی ہوگئے۔ دوسرا بم ناکارہ بنادیا گیا۔زخمی افراد جناح اسپتال منتقل کر دیئے گئے جہاں مزید5کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔علاقے کو بھاری نفری نے گھیر لیا۔ پولیس کا کہناہے کہ دھماکہ فلائی اور کے نیچے ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہوں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ہسپتال ذرائع کے مطابق پانچ افراد کی حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے۔فلائی اوور کے نیچے دھماکہ کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جب کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لے کر متاثرہ مقام کی طرف آمدورفت کومعطل کردیا ،بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ پہنچ کر تلاشی لی تو ایک مشکوک پارسل سے دوسرابم برآمد ہوا ۔ٹفن میں رکھا تقریباً 2 کلو گرام وزنی بارودی مواد ٹائم ڈیوائس سے منسلک تھا،بم قائد اباد تھانے کے عقبی گراونڈ میں ناکارہ بنایا گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے کانوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکہ پتھارے کے اوپر رکھے سامان میں ہوا، جبکہ بم ڈسپورزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ میں ابتدائی طور پر پانچ سو گرام سے زیادہ بارود استعمال کیا گیا ،جاں بحق افرادکی شناخت شاہد اور پپو کے نام سے ہوگئی ہے۔