اعظم سواتی کا معاملہ ، جے آئی ٹی نے رپورٹ مکمل کر لی
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم خان سواتی کے معاملہ پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ مکمل کر لی۔ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی جائیگی۔ سپریم کورٹ نے آئی ڈی پی فیملی کے ساتھ جھگڑے پر اعظم سواتی کے بطور وزیر کنڈکٹ اور اعظم سواتی اور ان کے اہلخانہ کے نام پر تمام اثاثوں اور ٹیکسوں کی جانچ پڑتال کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے جے آئی ٹی کو اعظم سواتی کے بیرون ملک کیسز کے حوالے سے رپورٹ دینے کی بھی ہدایت کی تھی اور کہاتھا کہ بتایا جائے کہ کیا اعظم سواتی کو کسی عدالت کی طرف سے کوئی سزا ہوئی یا وہ کسی عدالت میں مفرور ہیں اس کی بھی رپورٹ دی جائے۔ ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کر لی اور سربمہر رپورٹ کو تیار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جے آئی ٹی نے تینوں پہلوؤں پر اپنی تفتیش مکمل کر لی اور مزید تفتیش کے لئے وقت نہیں مانگا۔