اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے اختلافات احتساب اور عثمان بزدارکو نہ ہٹانے پر ہوئے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت آرمی ایکٹ میں ترمیم کر رہی ہے، تا کہ ایسا آرمی چیف لائے جو انہیں بچالے، آرمی چیف کی تقرری پر حکومتی حلقوں میں گھبراہٹ ہے، وہ دست و گریبان ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے اختلافات احتساب اور عثمان بزدار کو نہ ہٹانے پر ہوئے۔ زمان پارک لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات احتساب اور عثمان بزدار کو نہ ہٹانے پر ہوئے، ان کے کہنے پر عثمان بزدار کو ہٹاتے تو ہماری پنجاب حکومت گر جاتی، اسٹیبلشمنٹ اور ہماری حکومت خارجہ پالیسی پر ایک پیج پر تھے، دورہ روس سے واپسی پر اختلافات پیدا ہوئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری پر حکومتی حلقوں میں گھبراہٹ ہے، وہ دست و گریبان ہیں، آرمی چیف کے تقرر پر ہماری پالیسی دیکھو اور انتظار کرو ہے، آصف زرداری کے بعد جیلوں سے باقی لوگوں کوبھی نکال کر مشاورت کرلی جائے۔