براہموس میزائل واقعہ: میڈیا رپورٹس بھارت کو بری الزمہ کرنے کی ناکام کوشش ہے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے براہموس میزائل واقعے کو خاص تشویش کا سبب قرار نہ دینا نئی دہلی کو غیر ذمہ دارانہ جوہری رویے سے بری الزمہ قرار دینے کی ناکام کوشش ہے۔یاد رہے کہ 9 مارچ کو فائر ہونے والا میزائل ’براہموس‘ جوہری صلاحیت کا حامل ہے، یہ میزائل روس اور بھارت کے اشتراک سے تیار کیا گیا تھا، پاکستان نے اس واقعے پر بھارت سے وضاحت طلب کی تھی اور نئی دہلی سے حادثاتی فائر سے بچنے کے لیے محفوظ طریقہ کار پر جواب مانگا تھا۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی 14 نومبر کی رپورٹ میں آئی اے ای اے کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ یہ واقعہ کسی خاص تشویش کا سبب نہیں ہے۔’کوپ 27‘ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے بتایا کہ آئی اے ای اے نے بھارت سے واقعے کی کوئی معلومات طلب نہیں کیں۔