آرمی چیف کے تقرری پر ہماری پالیسی دیکھیں اور انتظار کریں، عمران خان

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک وہاں جارہا ہے جہاں ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ہے، آج پاکستان کا ڈیفالٹ رسک 80 فیصد تک پہنچ گیا ہے کیونکہ بتایا جا رہا ہے کہ 80 فیصد چانس ہے کہ پاکستان قرض واپس نہیں کر سکتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے دینہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا پاکستان اپنے قرضوں کی اقساط دے پائے گا؟ ملک کے پاس ڈالرز کم ہوتے جا رہے ہیں، آمدنی کم اور قرضے بڑھتے جا رہے ہیں، اب ہم قرضوں کی قسطیں دینے کیلئے مزید قرضہ لیں گے کیونکہ ہم اپنے قرضوں کی قسطیں نہیں دے سکتے ہیں۔
انہوں ںے شرکا سے خطاب میں کہا کہ اس وقت پانچ کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، مہنگائی بڑھے گی تو لوگ مزید غربت کی طرف جائیں گے، آئندہ سال کپاس 25 فیصد، گنا8 فیصد اور چاول 40 فیصد مزید کم پیدا ہوں گے، گزشتہ پانچ ماہ میں ٹریکٹرز کی سیل 45 فیصد کم ہوگئی ہے۔عمران خان نے کہا کہ جب ملک کی آمدنی کم اور قرضے زیاہ ہوں گے تو پھر قرضے کیسے اتریں گے؟ گھر کی آمدنی کم ہوجائے تو وہ کیسے قرضے واپس کر سکتے ہیں؟ ان کے دور میں روپیہ تاریخی گرا ہے، جب روپیہ نیچے جائے گا تو مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔