تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں آج قومی ووٹرڈے منایا جارہا ہے۔
نیشنل ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میںوزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے شفاف اور آزادانہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ووٹ تبدیلی کا ذریعہ ہے اور حکومتوں کو اقتدار میں لانے یا نکالنے کا اختیار رائے دہندگان کے پاس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ووٹرز کی زیادہ شرکت ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کی کنجی ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کیلئے غیر معمولی کوششوں کا بہترین وقت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ووٹرز کی شرکت اقتدار میں آنے والی حکومت کی ساکھ کی سطح کا تعین کرتی ہے۔ قومی ووٹر ڈے کا مقصد شہریوں میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی دفاتر میں تقاریب منعقد کی جارہی ہیں جن میں شہری بھی شرکت کررہے ہیں، دن کے حوالے سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر بینرز بھی لگائے گئے ہیں ۔غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے نیشنل ووٹرز ڈے کے حوالے سے سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔