آئی ایم ایف نے آئندہ چار سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی ترقی میں سست روی کی پیشگوئی کردی۔
آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کیلئے تخمینہ لگایا ہے کہ اقتصادی ترقی کی شرح پانچ اعشاریہ سات فیصد ہدف کے مقابلے میں پانچ فیصد رہے گی۔ دو ہزار بیس تک یہ شرح پانچ اعشاریہ پانچ فیصد رہے گی۔ آئی ایم ایف نے دو ہزار بیس تک بیرونی قرضوں میں اضافے کے رحجان کی پیشگوئی کی ہے جس کے تحت مالی سال دو ہزار پندرہ سولہ میں ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ بہتر ارب ستانوے کروڑ ڈالر تھا جو دو ہزار بیس میں بڑھ کر پچاسی ارب چوراسی کروڑ ڈالر ہوجائے گا۔ آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ مالی سال درآمدات کا حجم چالیس ارب ستاون کروڑ ڈالر تھا جو آئندہ چار سال میں گیارہ ارب ڈالر اضافے کیساتھ اکاون ارب ننانوے کروڑ ڈالر ہوجائے گا۔ اسی طرح دو ہزار بیس تک تیل کا درآمدی بل سات ارب چھیاسٹھ کروڑ ڈالر سالانہ سے تیرہ ارب پچانوے کروڑ ڈالر تک بڑھ جائے گا۔