جمہوریت میں فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، سڑکوں پر نہیں۔ شہباز شریف
لاہور میں رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ایک طرف خدمت، امانت، دیانت اور شفافیت کی سیاست ہے، دوسری طرف الزام تراشی، جھوٹ اور افراتفری کی منفی سیاست ہے۔ احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔ عوام ایسے شکست خوردہ سیاستدانوں کو پہچان چکے ہیں اور وہ اُن کے مقاصد کبھی پورے نہیں ہونے دیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ جمہوریت میں تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔ سڑکوں پر فیصلے کرنے کے خواہشمندوں کو اپنے غیرجمہوری طرزعمل پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کو ترقی یافتہ ، پُرامن ، خوشحال اور روشن بنانے کا مشن پورا کرے گی۔