پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ یونس خان ٹیم میں شامل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ، یونس خان کو 15ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اس سے قبل چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیسٹ سیریز کیلئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا ۔ یونس کی شمولیت کے بعد پاکستان کی 15 رکنی ٹیم مکمل ہو گئی ہے ۔ سٹار مڈل آرڈر بلے باز گزشتہ روز ہی دبئی میں ٹیم کو جوائن کرچکے ہیں ۔دوسرا ٹیسٹ میچ21 اکتوبر بروز جمعہ سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔یونس خان نے مکمل صحت یاب نہ ہونے کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔واضح رہے کہ یونس خان کو گذشتہ ماہ کراچی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ ڈینگی میں مبتلا ہیں۔چند روز علاج کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مزید کچھ وقت آرام کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے سبب انھوں نے پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے کے بارے میں کرکٹ بورڈ کو مطلع کردیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے بقیہ انہی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جو پہلے ٹیسٹ کے لیے اعلان کیے گئے تھے۔دوسرے ٹیسٹ کے لییقومی اسکواڈ میںمصباح الحق (کپتان )، سمیع اسلم، اظہرعلی، یونس خان، اسد شفیق، بابراعظم، سرفراز احمد، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر، سہیل خان، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، راحت علی اورعمران خان کے نام شامل ہیں