وفاقی دارالحکومت کوبند کرنے کی باتیں کرنے والا کیسے ملک کا خیر خواہ ہو سکتا ہے، عمران خان چاہتے ہیں کہ سب اوپر چلے جائیں اوروزیراعظم بن جائیں : خواجہ سعد رفیق
اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے پارٹی انتخاباتکے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق عمران خان پر خوب برسے، کہا کہ عمران خان اپنی خواہشات اورخوابوں کے غلام بن چکے ہیں، ان کے بارےمیں یہ ہی کہاجاسکتا ہے کہ جو شخص پاکستان میں سیاست کرے اور پھر پاکستان کے دارالحکومت کو بند کرنے کی دھمکی دے وہ ملک کا کیسے خیر خواہ ہو سکتا ہے، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کے عزائم کسی سے پوشیدہ نہیں،وہ صرف جمہوری عمل میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، عمران خان کا دل کرتا ہے کہ سب سے اوپر اٹھ جائیں اور وزیراعظم بن جائیں۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی قوم نے ایک سو چھبیس دن کا دھرنا دیکھا ہے جس سے پاکستان کو بے پناہ معاشی نقصان ہوا اورعالمی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی۔