رحیم یار خان میں دو بسوں کے درمیان تصادم , بتیس افراد جاں بحق جبکہ ستر زخمی
رحیم یار خان میں خانپورکےعلاقے درجہ پھاٹک پر دوبسیں تیزرفتاری کے باعث ٹکرا گئیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں بسیں تباہ ہوگئیں اور بسوں میں سوار متعدد مسافر لقمہ اجل بن گئے۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں بسوں میں سے زخمیوں کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو خان پور اور رحیم یارخان کے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا. انتظامیہ نے خوفناک حادثے کے بعد زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد کی فراہمی کیلئے ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ زخمیوں کوطبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثے کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونیوالے بسوں میں سے ایک فیصل آباد سے صادق آباد اور دوسری کراچی سے بہاولپور جارہی تھی۔