وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کو اندھیرے میں رکھ کر پنجاب کو روشنی دینے کی کوشش کررہی ہے : آفتاب احمد شیر پاؤ
پشاور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پاؤ نے کہا کہ اس وقت لاکھوں کی تعداد میں قبائلی افراد بے گھر ہیں، وفاقی حکومت ان کی باعزت واپسی اور ان کی بحالی کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قبائلی علاقے خیبرپختونخوا میں ضم ہوجائیں تو اس سے صوبہ مزید مضبوط ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ تیس سالوں سے افغانیوں کی خدمت کی ہے، افغانستان اور پاکستان ایک ہوکر دہشتگردی سمیت دیگر مسائل کا حل نکالیں۔ آفتاب شیر پاؤ نے یہ بھی کہا کہ بھارت بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے لیکن وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ مودی سرکار معصوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیئے۔