مسلم لیگ ن لاہورمیں ترقیاتی کام اپنی سیاست بچانے کے لیے کررہی ہے جبکہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا تک محدود ہوگئی ہے:سابق صدرآصف زرداری
سابق صدرآصف زرداری کی زیرصدارت بلاول ہاوس لاہورمیں قومی وصوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈرزاورپارٹی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سمیت دیگررہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے کمیٹی بنانے کی تجویز پرغور کیا گیا۔سابق ٹکٹ ہولڈرز نے آصف زرداری کو مشورہ دیا کہ کمیٹی لاہورمیں مضبوط امیدواروں کا تعین کرے۔اس موقع پرآصف زرداری نے کہا کہ وہ لاہورکے پارٹی رہنماؤں کی مشکلات سے آگاہ ہیں دوہزارتیرہ کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے ساتھ جوسلوک ہوا وہ اس سے باخبرہیں۔سابق صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن لاہورمیں ترقیاتی کام اپنی سیاست بچانے کے لئے کررہی ہے جبکہ دوسری طرف تحریک انصاف خیبر پختونخوا تک محدود ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ نوازصرف وسطی پنجاب کی حکمران ہے دوہزار اٹھارہ میں پنجاب ،بلوچستان اورخیبر پختونخواسے زیادہ نشستیں لیں گے۔آصف زرداری نے کارکنوں کوالیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے منشورکے ساتھ میدان میں اترے گی۔