وزیراعظم نے سرحدی علاقوں میں سمگلنگ کو روکنے کیلئے مرکزی ڈیٹا بیس قائم کرنے کی منظوری دی ہے ،معاون خصوصی
وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں سمگلنگ کو روکنے کیلئے مرکزی ڈیٹا بیس قائم کرنے کی منظوری دی ہے ۔ان خیالات کااظہار اطلاعات ونشریات کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جمعرات کی رات اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں سمگلنگ اور غیرقانونی تجارت کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے ایک اعلی سطح کا اجلاس ہوا ۔معاون خصوصی نے کہا کسٹمز انٹیلی جنس ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ، وفاقی تحقیقاتی ادارے ، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر خفیہ اداروں کے تعاون سے ایک مرکزی ڈیٹا بیس قائم کیاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں کسٹمز اتھارٹی اور آٹو میشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے جوانوں کو اکنامک سپورٹ سسٹم میں لانے کیلئے ایک موثر حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں کے اضلاع میں اقتصادی زونز قائم کیے جائیںگے اوران علاقوں کو ٹیکس فری قراردیکر سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ بلوجستان کے جوانوں کوہنر سکھائے جائیںگے اور مزدوروں کو متبادل آمدن کیلئے قطر بھیجا جائے گا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ قومی لائحہ عمل تمام سیاسی جماعتوں نے ملکر تیار کیا تھا اوراس کے تحت امن وامان برقراررکھنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ایک خود مختار ادارہ ہے اور یہ قومی لائحہ عمل میں دئیے گئے رہنما اصولوں کی روشنی میں عمل درآمد کرتا ہے۔