کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر ؟ آپ تو کہتے تھے مہنگائی بڑھنے کا مطلب ہے وزیراعظم چور ہے: بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ، کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں،کہاں گئے 50 لاکھ گھر ؟ آپ تو کہتے تھے مہنگائی بڑھنے کا مطلب ہے وزیراعظم چور ہے۔باغ جناح کراچی میں سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ آج تو ملک میں تاریخی مہنگائی ہے، یہ وعدہ نہیں کرسکتے کہ سارے حالات ایک دن میں ٹھیک ہوں گے لیکن جب بھی ہماری حکومت ہوگی وہ عوام دوست ہوگی ۔بلاول کا کہنا تھا کہ آج بھی ملک میں آٹے ، تیل اورپیٹرول کابحران ہے ، ملک میں جب عوامی نمائندے ہوں گے تو عوام کے حق میں فیصلےکریں گے، پیپلزپارٹی عوام دوست پالیسی پر یقین رکھتی ہے ، خان صاحب نےایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، عمران خان نےہر وعدے پر یو ٹرن لیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ نے عوام سے روز گار چھینا ہے، آپ تو کہتے تھے مہنگائی بڑھنےکا مطلب وزیراعظم چور ہے ، آج جتنی مہنگائی ہے اس کا مطلب جتنا بڑا چور آج وزیراعظم ہے اتنا کبھی تاریخ میں نہیں رہا، جتنی مہنگائی اس وقت ہے تاریخ میں ایسی مہنگائی کبھی نہیں تھی۔