مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کیلئے قائم کئے جانے والے فنڈز میں اپنے عطیات دیئے
ایوان وزیر اعظم میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبداالمجید نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کیلئے دو کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ آزاد کشمیر کے آئی جی طارق کھوکھر نے بھی پچپن لاکھ روپے کا چیک وزیر اعظم کو پیش کیا۔ نوائے وقت گروپ کی مینجنگ ایڈیٹر محترمہ رمیزہ نظامی نے بھی وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور انہیں سیلاب متاثرین کییلئے قائم نوائے وقت فنڈ سے پچیس لاکھ روپے کا چیک دیا۔ رمیزہ نظامی نے وزیر اعظم کے دورہ امریکا کی منسوخی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم کی جانب سے امدادی کاموں کی ازخود نگرانی سے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں کمی آئیگی۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے نوائے وقت گروپ سے وابستہ افراد اور قارئین و ناظرین کی جانب سے مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی کاوش پر رمیزہ نظامی کا شکریہ ادا کیا۔ یو این ایچ آر سی کے کنٹری ہیڈ نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ انکے ادارے کی جانب سے دو کروڑ روپے کا امدادی سامان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیاجا رہا ہے