توہین رسالت پرمبنی فلم اورسانحہ بلدیہ کے خلاف کراچی کے وکلا نے مکمل ہڑتال اورعدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔

امریکی متنازعہ فلم کے خلاف ملک بھراحتجاج کا سلسلہ جاری ہے، کراچی بارکے وکلاء بھی مکمل ہڑتال کرکے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، ملیرسٹی کورٹ اورسندھ ہائی کورٹ کے وکلاء نے بھی عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا۔ اس سلسلے میں کراچی بارکے وکلاء رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گستاخانہ فلم بنانے اورسانحہ بلدیہ کے واقعہ کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم اسلامی شعارکا مذاق اڑانے اور مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کی منظم سازش ہے۔ سانحہ بلدیہ کے متعلق بات کرتے ہوئے وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ ڈھائی سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے لیکن حکومت کی جانب سے مضبوط حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔