ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی اسلام مخالف فلم کیخلاف دھرنے،احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے ہوئے۔
لاہور میں سینکڑوں طلباء نے فلم کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی جو بعد میں جلوس کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ پشاور میں زرعی یونیورسٹی کے طلبا اور جماعت اسلامی خواتین ونگ کی جانب سے فلم پر شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین امریکا کیخلاف نعرے بازی جبکہ فلم کیخلاف مذمتی سیمینار بھی منعقد ہوا۔ سیالکوٹ میں ن لیگ کی زیر قیادت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے امریکا مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ڈیرہ غا زیخا ن میں جے یو آئی ف کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ پریس کلب کے سامنے پہنچ کرمظاہرین نے امریکا کے خلاف دھرنا دیا۔ اس دوران امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔ گڈو میں جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام ریلی جبکہ جامشورو کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔ شہریوں نے ٹائر نذر آتش کر کے انڈس ہائی وے بلاک کر دی۔ میر پور خاص میں بھی علماء ایکشن کمیٹی کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ تمام کاروباری مراکز، سی این جی اور پیٹرول اسٹیشنز بند رہے۔ اسکے علاوہ گڈز اونرز ایسوسی ایشن نے بھی فلم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی صدر کا پتلا نذر آتش کیا۔ ٹنڈو الہ یار میں جے یو آئی ف، جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور سنی ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔