وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا چلےگئے
بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کارروائیوں پر پاکستان میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اسی تناظر میں وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہتر ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز سے اٹھائیں گے، وزیر اعظم نواز شریف انیس ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے اور 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں خصوصی طور پر مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر بات کریں گے، وزیراعظم عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور ان قراردادوں کی طرف دلائیں گے، جس میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔۔ وزیراعظم نواز شریف اپنے خطاب میں خطے میں امن و امان اور عالمی امور سمیت دنیا میں امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی کردار اور پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قوم کی جانب سے دی جانیوالی قربانیوں پر بھی بات کریں گے، اقوام متحدہ کے امن دستوں میں پاکستانی ٹروپس کے کردار ، سلامتی کونسل کی مجوزہ توسیع کے سلسلے میں پاکستانی موقف سمیت اہم امور پر بھی بات ہو گی، وزیراعظم نواز شریف جنرل اسمبلی سائیڈ لائینز پر اہم عالمی قائدین سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور ان سے پاکستان سے ان کے تعلقات سمیت اہم عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔ اجلاس سے قبل وزيراعظم نوازشريف امريکی صدرکی جانب سے بلائی گئی عالمی رہنمائوں کی کانفرنس ميں شرکت کرينگے، وزيراعظم نوازشريف پاک امريکا بزنس کونسل اور امريکی چيمبر آف کامرس سے بھی خطاب کريں گے۔