50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لئے ہر سال وفاقی بجٹ میں 2 تا 3 کھرب روپے مختص کرنا ہوں گے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ہاوسنگ سیکٹر کے مسائل اور گھروں کی قلت کے مسئلہ پر قابو پا کر عوام کو معیاری اور سستے گھروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہاوسنگ سیکٹر کے ماہرین نے کہا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سالانہ 2 تا 3 کھرب روپے کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ہزار مربع فٹ کے گھر کی تعمیر پر 20 تا 30 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا جائے تو ہر سال وفاقی بجٹ میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے 2 تا 3 کھرب روپے کا بجٹ مختص کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لئے بجٹ مختص کرکے ہی حکومت اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کو عملی جامہ پہنا سکے گی۔