روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہم میچ بدھ کھیلا جائیگا۔
روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہم میچ بدھ کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنی آب و تاب سے جاری ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین 19ستمبر کو دبئی میں شیڈول ایشیا کپ کے میچ پر پاک بھارت سمیت پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور شائقین کی بہت بڑی تعداد یا تو گراﺅنڈ میں جاکر یا پھر ٹی وی پر دونوں روایتی حریفوں کے مابین ہونے والے میچ کو دیکھنے کےلئے بیتابی سے انتظار کر رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ کے تمام ٹکٹس میچ سے قبل فروخت ہوچکے ہیں۔ پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ 19 ستمبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ کےلئے پاکستان ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے جبکہ مکی آرتھر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور طلعت علی مینجر ہیں۔