انگلینڈ کا دورہ پاکستان بھی خطرے میں، '24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ' متوقع
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عین میچ کے وقت دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ دورہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ 24 سے 48گھنٹوں میں کریں گے۔اپنے ایک بیان میں جمعے کو انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں سکیورٹی الرٹ کے باعث نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے کا علم ہے۔برطانوی اخبار دا مرر کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مکمل طور پر صورت حال سمجھنے کے لیے ہم پاکستان میں گرانڈ پر موجود اپنی سکیورٹی ٹیم سے رابطے میں ہیں۔انگلش کرکٹ بورڈ آئندہ 24سے 48گھنٹوں میں فیصلہ کرے گا کہ طے شدہ دورہ ہوگا یا نہیں۔انگلینڈ کو رواں سال اکتوبر میں 16سال بعد دو ٹی 20میچز کھیلنے آنا ہے۔ یہ میچز پہلے 14اور 15اکتوبر کو کراچی میں ہونے تھے تاہم بعد میں یہ میچز راولپنڈی منتقل کردیے گئے تھے۔