ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے بہانے عوام کو ڈیفالٹ کر دیا گیا،حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے بہانے عوام کو ڈیفالٹ کر دیا گیا، کراچی سمیت پوراپاکستان میدان میں نکلے اوراحتجاج کرے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نگران حکومت نے ایک بار پھر پٹرول بم گرایا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ ظالمانہ ہے، غریب طبقہ کہاں جائے گا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ کو بتایا گیا کہ کراچی میں15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن کراچی میں کوئی بہتر ٹرانسپورٹ نہیں، لوگوں کے پاس موٹر سائیکل اور چنگچی کی سواری ہے، لوگ اپنی گاڑیوں پٹرول کیسے ڈلوائیں گے۔ رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کم ہونے سے پٹرول کی قیمت کم کیوں نہیں ہورہی، یہ لوگ آئی ایم ایف کے غلام ہیں، پیٹرول اور گیس کی قیمت بڑھانے سے معیشت برباد ہو جاتی ہے، مہنگائی میں اضافہ کرنے والے خود کہہ رہے ہیں مہنگائی بڑھ گئی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو پوری طاقت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے بہانے عوام کو ڈیفالٹ کر دیا گیا، اس طرح کے ظلم پر خاموش رہنا قومی جرم ہے، کراچی کے عوام باہرنکلیں اوراحتجاج کریں۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنے حقوق کیلئے باہر نکلنا ہوگا، پرامن مزاحمت اورزبردست احتجاج کرناہے، کراچی سمیت پوراپاکستان میدان میں نکلے اوراحتجاج کرے۔