کامن ویلتھ گیمزمیں شرکت کے بعد ریسلنگ ٹیم لاہور پہنچ گئی
کامن ویلتھ گیمزمیں شرکت کے بعد ریسلنگ ٹیم لاہور پہنچ گئی۔ ائرپورٹ پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ریسلرز کا شانداراستقبال کیا سونے کا تمغہ حاصل کرنیوالے ریسلر انعام بٹ نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ جیت کا کریڈٹ پاکستان سپورٹس بورڈ کو جاتا ہے۔ ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ پاکستان کا مقبول کھیل ہے۔ میں نے اپنی مدد آپ اور ریسلنگ ایسوسی ایشن کی مدد سے ٹریننگ کی۔انعام بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ریسلنگ کی ایک بھی اکیڈمی نہیں ہے۔ تمام سرکاری اورنجی اداروں کوریسلرزاورباڈی بلڈنگ کوسپورٹ کرنا چاہیے۔ اگرحکومت ہماری سپورٹ کرے تو ہم مزید گولڈ میڈل لاسکتے ہیں۔ بین الاقوامی معیار کی تربیت ملتی تو میڈل کی تعداد زیادہ ہوتی۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی جانب سے واحد سونے کا تمغہ ریسلنگ میں انعام بٹ نے حاصل کیا۔ ریسلنگ کے مقابلوں میں طیب رضا اور محمد بلال نے برانز میڈل حاصل کئے۔