قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا ورلڈکپ سے قبل معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا ورلڈکپ سے قبل معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار مکی آرتھر نے کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار سے معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار۔ فوٹو: فائل لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈکپ سے قبل معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا ہے جب کہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کے معاہدے ورلڈ کپ تک ہیں جب کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار سے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ان کے معاہدے میں توسیع کی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے مکی آرتھر کی خواہش پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، مکی آرتھر اس سے قبل بھی مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہار کئی بار میڈیا میں بھی کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور مزید کام کرنے کے خواہش مند نہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد مزید کام نہ کرنے کا پیغام پی سی بی کو پہنچا دیا ہے۔