چند دنوں میں کروڑ پتی بننے والوں کو سوچنا چاہیے کفن کی جیب نہیں: چیئرمین نیب
قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے رزق حلال میں ہمیشہ برکت ہوتی ہے ، چند دنوں میں کروڑ پتی بننے والوں کو سوچنا چاہیے کفن کی کوئی جیب نہیں ہوتی،ہم نے ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنا دیا اور اب کسی کو مستقبل میں ڈبل شاہ نہیں بننے دینگے ،بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جو ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ، نیب نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں میں بدعنوانی کی روک تھام اور نگرانی میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ، نیب احتساب سب کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کو پکڑنے کیلئے پر عزم ہے ۔ نیب کی موثر انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی اور شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں مسلسل کمی آرہی ہے ۔پلڈاٹ،مشعال،گیلانی اینڈ گیلپ سروے ،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور عالمی اقتصادی فور م جیسے معتبر عالمی اور قومی اداروں نے نیب کی کوششوں کی تعریف کی ، نیب نے گزشتہ ایک سال کے دوران مکمل پیشہ واریت،شفافیت،جذبہ ،عزم اور میرٹ پرکام کیا جس کیلئے نیب افسروں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کیا جس کے باعث نیب ایک فعال اینٹی کرپشن کا ادارہ بن چکا ہے ، نیب کے مقدمات میں ٹرائل کورٹ میں مجموعی سزا کی شرح 70فیصد سے زائد ہے