عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہے ہیں: سعد رفیق
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہےکہ عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہے ہیں یہ انتقام آمیز احتساب معیشت اور جمہوریت کو لے ڈوبے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت کے سلسلے میں جیل سے عدالت لایا گیا جہاں عدالت نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع کردی۔ نیب عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قومی معیشت نفرت اور انتقام کی چتا میں جلائی جارہی ہے، اپوزیشن کا سر قلم کرنے کے چکر میں معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا گیا، تحریک انصاف کی سونامی ترقی کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نےکہا کہ حکمران نظام عدل، احتساب اور ابلاغ پر کنٹرول کرکے مخالفانہ آوازیں کچلنا چاہتے ہیں، انتقام آمیز احتساب معیشت اور جمہوریت کو لے ڈوبے گا، سیاسی اور معاشی مسائل کے حل کےلیے نفرت اور دشمنی کو بالائے طاق رکھنا ہوگا۔