ہم ہر صورت اپنی افواج کا دفاع کریں گے, پوری قوم کو اپنے شہیدوں پر فخر ہے۔شہباز گل

شہباز گل نے کہا ہے کہ ہم ہر صورت اپنی افواج کا دفاع کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ ہنگو نے فیصلہ دے دیا ، ہنگو خودداری اور آزادی کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنگو نے غلامی کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا، آپ بس الیکشن میں آئیں عوام آپکو دن میں تارے نہ دکھائے تو ہمارا نام بدل دینا۔ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام جاگ چکی ہے اور بیرونی سازش ناکام ہو چکی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہنگو کے غیور عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر کیوں جتایا؟ جبکہ پی ٹی آئی اسمبلیوں سے مستعفیٰ ہو چکی ہے، ذرا سوچئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ محسن داوڑ اور علی وزیر نے آج ہماری بہادر افواج کے مخالف جو تقاریر کی ہیں اس پر قوم نیوٹرل نہیں رہ سکتی۔ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہم ہر صورت اپنی افواج کا دفاع کریں گے اور اس طرح کی گھٹیا سوچ اور بیانیے کی مذمت کرتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ایک ایک جوان ہمارا فخر ہے،ہماری شان ہے اور پوری قوم کو اپنے شہیدوں پر فخر ہے۔