رانا ثناء اللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت نے لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ملیر کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی لائرز فورم سندھ کے نائب صدر خالد محمود ایڈووکیٹ کی رانا ثناء اللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست میں ایس ایس پی ملیر اور ایس ایچ او ملیر سٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کئی چینلز اور سوشل میڈیا پر رانا ثناء اللہ کا انٹرویو سنا، مسلم لیگ ن کے رہنما نے بانی پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی دھمکی دی۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملیر سٹی پولیس کو رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی جائے۔بعدازاں عدالت نے رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر ایس ایس پی ملیر اور ایس ایچ او ملیرسٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔