مسلم لیگ(ن) نے راجہ ظفر الحق کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا

Aug 18, 2018 | 16:43

مسلم لیگ(ن)نے راجہ ظفر الحق کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نامزد کردیا۔ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے اختلاف کے بعد اب دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے سامنے آگئیں اور مسلم لیگ (ن)نے سینیٹ میں پیپلزپارٹی کا اپوزیشن لیڈر ہٹاکر اپنا قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ( ن)اور اس کی اتحادی جماعتوں نے راجہ ظفرالحق کو ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف نامزد کردیا اور اس کے لیے باضابطہ درخواست چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے دفتر میں جمع کرادی گئی، راجہ ظفر الحق کی نامزدگی میں جے یو آئی (ف)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی نے حمایت کی ۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین راجہ ظفر الحق گذشتہ دور حکومت میں سینیٹ میں قائد ایوان تھے جب کہ اس وقت پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہبازشریف کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا تاہم مسلم لیگ (ن)نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کردیا۔قومی اسمبلی کے قائد ایوان کے انتخاب کے دوران شہبازشریف نے بلاول بھٹو زرداری کی نشست پر جاکر ان سے حمایت کی درخواست کی تاہم انہوں نے معذرت کرلی جب کہ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے کیے جانے والے احتجاج میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔

مزیدخبریں