لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 65 سالہ کشمیری شہری شہید
لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک 65 سالہ کشمیری شہری شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں گاوں موجی میں ایک 65 سالہ کشمیری شہری شہید ہوگیا۔جس کی شناخت 65 سالہ ذوالفقار کے نام سے کی گئی ہے،تاہم پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب ایک روز قبل ہی پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، جس کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر جنگ بندی کے معاملات پر اظہارِ خیال کیا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ہاٹ لائن رابطے کے دوران انتباہ کیا تھا کہ بھارت ایل او سی پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سیگریز کرے، جس پر بھارتی ڈی جی ایم او نے حالات خراب کرنے والے اقدام سیگریز کی یقین دہانی کروائی تھی۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ڈی جی ایم او نے امن کی خواہش کے عزم کا اعادہ کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت کے اقدامات جاری رہے تو بھرپور جواب دیا جائے گا