دو ہفتے تمام چھان پھٹک کے بعد عثمان بزدار کو دیانتدار شخص پایا،وزیراعظم عمران خان
نومنتخب وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، واضح کر دوں کہ میں پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لئے نامزد امیدوار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران میں نے تمام ضروری چھان پھٹک مکمل کرلی اور انہیں ایک دیانتدار شخص پایا ہے، وہ ایک باوقار آدمی ہیں جو نئے پاکستان کے حوالے سے میرے نظریے اور ویژن کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان نے مزید کہا،عثمان کا تعلق پنجاب کے پسماندہ ترین ڈی جی خان ڈویژن کے قبائلی علاقے سے ہے، انہیں پسماندہ علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل کا بخوبی ادراک ہے، پنجاب میں پہلی مرتبہ ایسا وزیر اعلیٰ آئے گا جوجانتا ہو کہ عملی طورپرکیا کیا جانا چاہیے، ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نےعثمان بزدارکے خلاف قائم قتل کے مقدمے کو سیاسی قراردیا، انہوں نے کہا، عثمان بزدار کے خلاف قتل کے مقدمے کی ایف آئی آر پڑھیں تو وہ موقع پر موجود نہیں تھے، ان کے خلاف سیاسی مقدمہ قائم کیا گیا،امیدواروں کو اس طرح کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا رہتا ہے۔