صحت سہولت اور احساس پروگرام معاشرے کے نادار اور کمزور طبقوں کی مدد کے نصب العین کا حصہ ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو انصاف ، قانون کی حکمرانی اور رحم دلی پر مبنی معاشرے میں تبدیل کرنا ان کا نصب العین ہے جو کہ ریاست مدینہ کی اہم خصوصیات ہیں۔ اسلام آباد میں خصوصی افراد کیلئے صحت سہولت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ صحت سہولت اور احساس پروگرام معاشرے کے نادار اور کمزور طبقوں کی مدد کے نصب العین کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صحت انصاف کارڈز کے ذریعے غریب افراد صحت کی مفت سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صحت کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت سہولت پروگرام کے ذریعے غریب افراد کو اڑتالیس اضلاع میں سہولت فراہم کی جارہی ہیں۔ کسی شخص کے بیمار ہونے اور سرکاری ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے داخل ہونے کی صورت میں حکومت سات لاکھ بیس ہزار روپے تک کی مدد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام معذور افراد کو بھی صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جائے گا۔