پنجاب میں بھی پلاسٹک کے تھیلوں پر پابندی کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے پلاسٹک کے تھیلوں پرپابندی سے متعلق فیصلہ کر لیا ۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پلانٹ فار پاکستان مہم کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پلاسٹک کے تھیلوں پرپابندی کی منظوری لی جائیگی۔ پنجاب میں وسیع پیمانے پر پودے لگائے جائیں گے،پاکستان کی تاریخ میں ایسی شجرکاری کی مثال نہیں ملتی،حکومت پنجاب شجرکاری کیلئے سرگرم ہے۔سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ شجرکاری پروجیکٹ کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے،جنگلات میں اضافے کا ہدف پورا کریں گے، پاکستان کو سرسبز و شاداب بنائیں گے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ شجرکاری مہم پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے، شجرکاری مہم ایک گیم چینجر ثابت ہو گی۔شجرکاری مہم میں طلبا و دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو شامل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کے تحت چھبیس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، اگلے چار سالوں میں بیالیس کروڑ پودے لگائے جائیں گے جو ریکارڈ ہوگا ۔ گرین اور سر سبز پنجاب کیلئے ایسے تاریخی منصوبے کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلی بار سرکاری زمینوں پر قبضے سے واگزار کروا رہی ہے ،اس مہم سے ہزاروں ایکٹر واگذار کروا کر سرکاری اداروں کو واپس کیاجارہاہے جسے شجر کاری کیلئے مختص کر دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت ہمارے دوست ہیں جو ہمیشہ وفا کرتے ہیں ایسے دوستوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔