اٹک:کیل سیکٹر پر شہید ہونیوالے نائب صوبیدار احمد خان فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

کشمیر کے کیل سیکٹر بارڈر پر شہید ہونے والے ایس ایس جی کے نائب صوبیدار احمد خان شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی اورشہید کو فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔بزدل دشمن بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے اپنی زندگی پاکستان پر قربان کرنے والے نائب صوبیدار احمد خان شہید کی نماز جنازہ آبائی علاقے اٹک کے گائوں سقہ آباد کے قریب ڈھوک حسو خان سے متصل ڈھوک اکبری میں ادا کی گئی جس میں فوجی و سول افسران، سیاسی رہنمائوں اوراہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شہید احمد خان کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔احمد خان شہید 1979میں یونین کونسل بولیانوال کے گائوں سقہ آباد کی ڈھوک اکبری میں پیدا ہوئے، 1998 ء میں پاک آرمی میں ملازمت اختیار کی۔ 2002 میں ایس ایس جی میں شامل ہوئے اور شہادت کے وقت وہ ایس ایس جی کمانڈو نائب صوبیدار تھے۔17 اگست کو سحری کے وقت کشمیر کے کیل بارڈر پر شہید ہونے والے احمد خان شہید کے ورثا میں بیوہ، دو بیٹیاں اور تین بیٹے ہیں۔ احمد خان شہید کے پانچ بھائی ہیں، ایک بھائی پاک فوج میں ہے اورایک ریسکیو1122 میں ہے تاہم ان کے والدین فوت ہو چکے ہیں۔