آرمی چیف کی سعودی نائب وزیردفاع سےملاقات، دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیردفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے ، جس میں دوطرفہ تعلقات، فوجی تعاون اورعلاقائی سکیورٹی پر بات چیت کی گئی ۔ شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اورجنرل باجوہ کی ملاقات کے دوران انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ دوسری جانب شہزادہ خالد بن سلمان نے جنرل باجوہ کے ساتھ ملاقات کی تصویر ٹویٹر پر شیئر کی ہے ۔ جس میں شہزادہ خالد بن سلمان نے لکھا کہ نے آج اپنے برادر پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات کی۔ ہم نے سعودی اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات ، عسکری تعاون اورعلاقائی امن کے تحفظ کے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ تصور پر بات چیت کی ۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن استحکام کے تحفظ کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ان دنوں سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سعودی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں ۔ اس سے قبل پیر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الروئیلی اور سعودی کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی السعود سے بھی ملاقات کی ۔