بجلی کے شعبے کی فوری تشکیل نو اور اصلاحاتی عمل لازمی ہے:وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بجلی کا شعبہ ملک کی اقتصادی ترقی کو متاثر کر رہا ہے اور صارفین پر موجودہ بوجھ کو کم کرنے کیلئے اس شعبے کی فوری تشکیل نو اور اصلاحاتی عمل لازمی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پہلے سے منظور شدہ تشکیل نو کے لائحہ عمل پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بجلی کے وزیر کو بھی ہدایت کی کہ وہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات میں حاصل کی گئی اہم کامیابی اور اس سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو ہونے والے فائدے کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں۔ عمران خان نے بجلی کے پیداواری اداروں کے ساتھ معاہدوں میں باہمی اتفاق رائے سے تبدیلیوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ لاگت کومعقول بنانے سے گردشی قرضہ کم کرنے میں مددملے گی۔