کرونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کا عالمی ادارہ صحت بھی معترف
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کی تعریف کی۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے انٹرویو میں کہا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے ہم نے زبردست حکمت عملی اپنائی۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود ابتدا میں مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا،وینٹی لیٹرز اور دیگرطبی سامان چین سمیت دیگر ممالک سے ملا۔ منیر اکرم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو بچانے کے لیے ایک ارب ڈالر کا ریلیف پیکیج دیا،معیشت کھولنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی گئی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے انفیکشن ریٹ کم ہوا،پاکستان میں کیسز تیزی سے کم ہوئے ہیں پر ہم محتاط ہیں۔ منیر اکرام کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کی تعریف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکمت عملی کو دیگر ممالک نے بھی اپنایا۔