اسٹیٹ بینک کا تاجر خواتین کیلیے اہم فیصلہ
اسٹیٹ بینک نے تاجر خواتین کی مدد کے لیے ری فنانس اسکیم کے تحت قرضے کا حجم بڑھا دیا۔ بینک دولت پاکستان نے معیشت میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنی ‘ری فنانس اینڈ کریڈٹ گارنٹی اسکیم فار ویمن انٹرپرینرز ‘ کے تحت فنانسنگ کی حد 15 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کردی ہے۔ یہ فیصلہ خواتین تاجروں کی مالکاری کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے موجودہ فنانسنگ حد کے ناکافی ہونے کے بارے میں مختلف متعلقہ فریقوں سے حاصل ہونے والی آراء کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تقویت دینے اور بحال کرنے کی حکومت پاکستان کی پالیسی اور اسٹیٹ بینک کے اس کلیدی ہدف سے مطابقت رکھتا ہے کہ خواتین تاجروں سمیت ترجیحی شعبوں کی فنانس تک رسائی بہتر بنائی جائے۔ ابتدائی طور پر اگست 2017ء میں اسٹیٹ بینک نے ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں خواتین تاجروں کی مالی شمولیت اور فنانس تک رسائی کو فروغ دینے کے لیے ری فنانس اینڈ کریڈٹ گارنٹی اسکیم فار ویمن انٹرپرینرز متعارف کرائی تھی۔ بعد میں اسکیم کا دائرۂ کار بڑھا کر اسے پورے پاکستان پر محیط کردیا گیا۔