سلیم ملک نے آئی سی سی ٹرانسکرپٹ کا جواب پی سی بی میں جمع کروا دیا
سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک نے پی سی بی میں جواب جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 روز میں پی سی بی نے جواب نہ دیا تو دوسرے آپشنز پر عمل کروں گا، تمام دستاویزات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ واضح رہے کہ سلیم ملک آئی سی سی ٹرانسکرپٹ کا جواب جمع کروانے ایک بار پھر پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچے تھے۔ انہیں بارہ منٹ کے انتظار کے بعد اندر جانے کی اجازت ملی۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا معاملہ پی سی بی نے خود بنایا ہوا ہے، اگر کوئی مسئلہ ہوتا تو آئی سی سی مجھے بھی خط لکھتا۔ سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ نے اب تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا، دو سو صفحات پر مشتمل نوٹس کا میں کیا جواب دوں۔ سلیم ملک نے راشد لطیف پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو خراب کرنے والا سابق وکٹ کیپر راشد لطیف ہے، انہوں ںے ذاتی مفاد کے لیے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مختلف چالیں چلیں۔