گندم کی اسمگلنگ پر وزیراعلیٰ سندھ برہم، کمشنر اور ڈی سی طلب
کراچی : سندھ پنجاب بارڈر سے ہزاروں من گندم کی اسمگلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر و ڈی سی گھوٹکی کو طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، قلت اور اسمگلنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کمشنر شفیق مہیسر، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی خالد کو طلب کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ پنجاب بارڈر سے روزانہ ہزاروں من گندم اسمگل ہوتی ہے، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر سکھر اور ڈٰ سی گھوٹکی پر سخٹ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا ہے کا راگ الاپتے ہیں۔ اس سے قبل بھی مراد علی شاہ گندم کی قلت اور اسمگلنگ کے خلاف ایکشن لے چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ گندم کی قلت کیوں ہوئی ہے جس کی وجہ سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایات بھی دی تھیں۔