اپوزیشن کو این آر او دینا ملک سے غداری کرنے کے مترادف ہے، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ہر جگہ ذخیرہ اندوز بیٹھے ہیں، ایلیٹ کلاس خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے، اپوزیشن کو این آر او دینا ملک سے غداری کرنے کے مترادف ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’میری پوری زندگی جدوجہدمیں گزری ہے،9سال کا تھا جب سے جدوجہد کر رہا ہوں، اسپتال بنایا لیکن سیاست اُس سے بھی بڑی جدوجہد تھی، 2 پارٹی سسٹم کے بعد تحریک انصاف کی تشکیل دی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جب کوشش کرتے ہیں تو اونچ نیچ آتی ہے اور مجھے اس سے کوئی خوف نہیں آتا،اصغرخان سمیت کئی لوگوں نے پارٹی بنانے میں کردار ادا کیا‘۔ وزیراعظم کا کہناتھا کہ ’اقتدارسنبھالا تو معیشت دیوالیہ ہونےکے قریب تھی اور ادارے تباہ ہوچکے تھے، ہم نے دو سال میں چلینجز اور ان کی نوعیت کو سمجھا، جب مشاہدہ کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ ماضی میں پاکستان میں ہر ادارے کو مفلوج کیا گیا، جب اداروں میں گیا تو معلوم ہوا کہ ادارے تباہی میں تھے‘۔