کابل کی مسجد میں دھماکہ،20افرادہلاک
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک مسجد کو نشانہ بنانے والے دھماکے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔ بدھ کو افغان ٹی وی نے مقامی باشندوں کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ کابل کے شمال مشرق میں ضلع خیر خانہ میں ایک دھماکہ ہوا۔ دھماکہ صادقیہ مسجد میں ہوا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر گولیوں کی آوازیں سنی گئیں۔ کابل شہر کے علاقے خیرخانہ کے مشہور ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ کابل کی مسجد "صادقیہ" میں ایک زور دار دھماکہ ہوا جس میں مولوی امیر محمد کابلی کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں ملا کابلی اور کئی دوسرے افراد شہید ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ کابل شہر کے سترہویں ضلع کے علاقے کوٹل خیرخانہ میں نمازیوں کے درمیان ہوا۔ذرائع کے مطابق دھماکہ شام نماز عصر کے دوران ہوا جب لوگ مسجد میں نماز ادا کررہے تھے۔طالبان حکومت میں شامل سکیورٹی حکام نے ابھی تک اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بیس اور زخمیوں کی تعداد چالیس سے تجاوز کر گئی ہے۔افغانستان میں ڈیڑھ ماہ میں مسجد کو نشانہ بنانے کا یہ دوسرا بم دھماکہ ہے۔ دارالحکومت کابل میں جون کے وسط میں اسی طرح کا ایک حملہ ہوا تھا۔ شمالی افغانستان کے صوبے قندوز میں ایک مسجد کے اندر دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔