قدوس بزنجو کی جنرل آصف غفور سے ملاقات، ہیلی کاپٹر سانحہ پر اظہار تعزیت
کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ہیلی کاپٹر حادثے میں دیگر جاں بحق ہونے والوں کیلئے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اہل بلوچستان ہیلی کاپٹر سانحہ میں جانیں قربان کرنیوالوں کو ملک و قوم اور خاص طور سے بلوچستان کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ فوج اور ایف سی نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ ہمیشہ غیر معمولی حالات اور قدرتی آفات میں بلوچستان کے عوام کی مدد کی ہے جس کی اہل بلوچستان دل سے قدر کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے حالیہ سیلاب کے دوران سول انتظامیہ کو بھرپور معاونت کی فراہمی ہر فوج اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔