عدل و انصاف معاشرے کے استحکام کے بنیادی اجزاء ہیں،گورنربلوچستان
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ عدل و انصاف معاشرے کے استحکام کے بنیادی اجزاء ہیں۔ عوام میں اپنے حقوق کی پاسداری کا اجتماعی شعور اجا گر کرنے میں یونیورسٹی آف لاء کالج کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوںنے پرنسپل لاء کالج کو ہدایت کی کہ وہ نئے ابھر نے والے وکلاء کو جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں تاکہ حقوق کی پاسداری کی راہ ہموار ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سو موار کے روز گورنر ہاؤ س کوئٹہ میں پرنسپل یونیورسٹی آف لاء کالج کوئٹہ عمر گل کاکڑ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ پرنسپل نے گورنر بلوچستان کو ادارے کی کار کردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جس پر گورنر نے اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں اپنے کار کردگی مزید بہتر بنانے اور اساتذہ کے استعداد کا ر بڑھانے کی ہدایت کی۔