تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو حکومت سہولت فراہم کرے گی، وزیر بلدیات سندھ
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو حکومت سہولت فراہم کرے گی، ہمیں اس شہر اور ملک کی ترقی میں مل کر کام کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا ایک تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو حکومت سہولت فراہم کرے گی، ہمیں اس شہر اور ملک کی ترقی میں مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ملیر ایکسپریس وے بنا رہے ہیں جو سپرہائی وے سے ملے گی، ایم ٹی خان روڈ پر ایلیویڈیٹ روڈ بھی بنارہے ہیں انہوں نے کہا کہ قائدآباد سے ایک اور شاہراہ بنائیں گے، ہاکس بے پر بھی ترقیاتی کام ہوگا تاکہ وہاں ٹریفک جام نہ ہو، ترقی کے لیے مل کام کریں گے۔ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں ڈرائیونگ لائسنس برانچز بہت کم ہیں، اضافے پر غور کیا جارہا ہے، تاکہ کسی قسم کے مسائل کے بچا جاسکے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ ہم شہر قائد کے حقوق پر ڈاکہ برداشت نہیں کریں گے،متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ دیں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ہی تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا تھا کہ انسداد تجاوزات آپریشن منصفانہ بنیادوں پر نہیں ہورہا، بلاول ہاؤس کی دیواریں فٹ پاتھ پر قائم ہیں ان کے خلاف کب ایکشن ہوگا؟