ذرائع ابلاغ کو پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی آزادانہ ماحول میں ادائیگی کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ذرائع ابلاغ کو پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی آزادانہ ماحول میں ادائیگی کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، ذرائع ابلاغ کا پاکستان کے مثبت امیج اور سماجی و معاشی ترقی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے، عمران خان نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ حکومتی ایجنڈے کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لئے بھرپور طریقے سے توانائی اور صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے۔وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وزیر اطلاعات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں منگل کو ہوئی جس کے دوران وزارت اطلاعات اور اس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ میڈیا کے ریاستی اداروں بشمول ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تجاویز سے آگاہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کی موجودہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس بات خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات ذرائع ابلاغ سے متعلق تمام معاملات میں کلیدی کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کے مثبت امیج اور اصلاحات اور تبدیلی سے متعلق حکومتی ایجنڈے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس بات کا پختہ یقین ہے کہ آزاد، متحرک، ذمہ دار میڈیا ملکی سماجی، معاشی ترقی میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ کو موجودہ حکومت پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔ سیکرٹری انفارمیشن شفقت جلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔