سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا عالمی برادری سے مہاجرین کے لیے زیادہ مالی امداد کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے دنیا بھر کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر مہاجرین کی مدد کے لیے زیادہ مالی امداد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک مختلف براعظموں میں مہاجرین کی اکثریت کو زیادہ تر ترقی پذیر ممالک نے اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے۔ یہ بات انہوں نے جنیوا میں گلوبل ریفیوجی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ دنیا بھر میں مہاجرین کی سب سے زیادہ تعداد کو اپنے ہاں پناہ دینے والے ممالک کی اپنی اقتصادی حالت درمیانے درجے کی ہے، جن میں یوگنڈا اور پاکستان جیسی ریاستیں شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں مہاجرین کی تعداد71 ملین ہے۔