پاکستان سٹاک مارکیٹ ڈھائی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، شہبازگل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹرشہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ ڈھائی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا کہ 73 اعشاریہ 07 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، مارکیٹ کی سرمایہ کاری کی مالیت 76 ارب 63 کروڑ 93 لاکھ روپے بڑھی ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوںنے کہا کہ کوروناوائرس کی وبا کے باعث جہاں سپر پاورز معاشی غیر استحکام کا شکار ہوئیں وہیں پاکستان نے اپنی بہترین حکمتِ عملی اور عمران خان کے وژن کی وجہ سے نہ صرف کورونا کو ہرایا بلکہ صنعتوں کے کھولنے سے غریب کو روزگار بھی فراہم ہوا اور نئے کاروبار بھی شروع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی بہترین پرفارمنس اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے بیانیے کی موت ثابت ہوئی۔