پاکستان، بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دے گا: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی منصوبہ بندی کررہا ہے اور ہم بھارت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اس منصوبے سے آگاہ اور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ابوظبی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ان دنوں جو ملاقاتیں ہوئیں اور اس دوران اہم پیشرفت ہوئی ہیں جو میں پاکستان کے عوام اور بین الاقوامی برادری کو بتانا چاہتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی خفیہ ذرائع سے پتا چلا ہے کہ بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور یہ ایک انتہائی سنجیدہ پیشرفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کبھی بھی اچھی نہیں رہی بلکہ مستقل خراب ہوتی جا رہی ہے جبکہ بھارت میں موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر میں کسان احتجاج کررہے ہیں۔